ایم آئی ایم میں رہ کر احساس ہوا کہ بی جے پی کو ہٹانا ہے، لیکن بی جے پی کے خلاف لڑائی نہیں لڑی جاتی بلکہ کانگریس کو نشانہ بنایا جاتا ہے
نئی دہلی: حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی کی قیادت والی آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین (AIMIM) کے سابق قومی ترجمان عاصم وقار نے انڈین نیشنل کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ دہلی میں واقع کانگریس کے مرکزی دفتر ’’اندرا بھون‘‘ میں اترپردیش کانگریس کے صدر اجے رائے، اترپردیش کے انچارج راجندر پال گوتم اور کانگریس اقلیتی شعبہ کے چیئرمین عمران پرتاپ گڑھی کی موجودگی میں عاصم وقار نے کانگریس کی رکنیت حاصل کی۔
کانگریس میں شمولیت کے بعد عاصم وقار نے کہا کہ ’’ہماری لڑائی ان لوگوں کے لیے ہے جو ملک سے محبت کرتے ہیں۔ ہمیں بی جے پی کو اکھاڑ پھینکنا ہے۔ مجھے ایم آئی ایم میں رہتے ہوئے یہ محسوس ہوا کہ بی جے پی کو ہٹانا ہے، لیکن بی جے پی کے خلاف لڑائی نہیں لڑی جاتی بلکہ کانگریس کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ اسی لیے میں کانگریس میں شامل ہو رہا ہوں۔ دراصل اگر بی جے پی کے خلاف کوئی لڑ رہا ہے تو وہ راہل گاندھی ہیں۔‘‘
انہوں نے ہمایوں کبیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں نے ہمایوں کبیر کے بارے میں کہا تھا کہ وہ بی جے پی کا ایجنٹ ہے اور بابری مسجد جو بنوا رہا ہے، وہ بی جے پی بنوا رہی ہے۔ اس نے اسٹنگ آپریشن میں کہا تھا کہ مجھے 1100 کروڑ روپے ملے ہیں۔ ہماری حکومت آئے گی تو اس کی جانچ کروائیں گے۔‘‘
عاصم وقار نے مزید کہا کہ ’’میں سچ، صحیح، ملک اور سیکولرازم کے ساتھ ہوں۔ میں یہاں ٹکٹ کے لیے نہیں آیا ہوں۔ میں نے 20 سال سماج وادی پارٹی میں گزارے ہیں۔ کبھی اکھلیش یادو یہ نہیں کہہ سکتے کہ میں نے کبھی کسی تبادلے یا تعیناتی تک کی بات کی ہو۔‘‘
اس موقع پر اترپردیش کانگریس کے انچارج راجندر پال گوتم نے کہا کہ ملک میں تمام طبقات کے لیے ایک تحریک چل رہی ہے۔ جمہوریت کو بچانے کے لیے راہل گاندھی لڑ رہے ہیں۔ راہل گاندھی سے متاثر ہوکر عاصم وقار نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم آئی ایم کے اہم ترجمان عاصم وقار نے کانگریس جوائن کی ہے۔
وہیں اترپردیش کانگریس کے صدر اجے رائے نے کہا کہ ’’ہم اس دن کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔ میں آپ کو مبارکباد دیتا ہوں۔ آج ایک مضبوط شخصیت نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ وہ ہمیشہ اپنی برجستگی اور فصاحت کے ساتھ معاشرے کو پیغام دیتے ہیں۔ ان کی سوچ کانگریس کی سوچ سے ہم آہنگ ہے۔‘‘
عاصم وقار کا تعلق اترپردیش کی راجدھانی لکھنئو سے ہے۔ عاصم وقار مجلس اتحاد المسلمین کے قومی ترجمان تھے، ایم آئی ایم کے سیاسی نظریات کو مختلف ٹی وی چینلز پر بہتر طریقے سے پیش کرنے کیلئے انہیں پہچانا جاتا ہے۔ اس سے قبل ایک عرصے تک سماجوادی پارٹی سے منسلک رہے۔ آج 2 ستمبر کو انہوں نے نئی دہلی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے۔





