موت کی پرواہ کئے بغیر وباء کے ایام میں خدمت خلق کرنے والے جیالوں کا شایانِ شان استقبال، سماجی تنظیموں اور معزز شخصیات کی شرکت

مالیگاؤں: جن دنوں کرونا اپنے شباب پر تھا، شہر بھر میں خوف وہراس تھا، سرکاری اسپتالوں کے اسٹاف ممبران جان جانے کے ڈر سے خدمات انجام دینے سے معذور تھے، تب شہر کے کچھ سرکردہ سماجی افراد کی کوششوں اور محنت سے شہر کے کچھ جیالوں نے انتظامیہ کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے بلاخوف و خطر قوم کی خدمت کیلئے اپنے آپ کو پیش کردیا۔اپنی کوششوں سے وارڈ بوائز کو مجتمع کیا اور باقائدہ تربیت نہ ہونے کے باوجود اسپتالوں میں ایسی خدمات انجام دیں کہ ان کی مثال نہیں ملتی۔ایسے ہی حقیقی کرونا وارئیرس کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کرنے کیلئے شہر کی متعدد سماجی تنظیموں نے اتوار 20 دسمبر کی شب انصار جماعت خانے میں ایک تہنیتی پروگرام کا انعقاد کیا۔
اس پرگرام کی صدارت ڈاکٹر پرویز فیضی نے کی، جنہوں نے کرونا کے دوران خدمتِ خلق کے جذبہ کے تحت پوری جانفشانی کے ساتھ اپنے فرائض منصبی ادا کئے۔جبکہ نسیم احمد، مولانا انوار احمد ندوی اور شاہد فائن نے بطور مہمان خصوصی اس پروگرام میں شرکت کی۔واضح رہے کہ جس وقت ذمہ داران گوشہ عافیت تلاش کررہے تھت اس وقت مذکورہ تمام افراد سرگرمِ عمل تھے۔
شعبان شاہ (صدرنصر فاونڈیشن، مالیگاؤں) اور پروفیسر عبالماجد انصاری(خازن مالیگاؤں سوسائٹی آف ایجوکیشن، ممبئی )نے مہمانوں کی خدمت میں پھول اور  شال کا نذرانہ پیش کیا۔ اس موقع پر صدر و مہمانان نے ان تمام وارڈ بوائز کی کئی مہینوں پر محیط خدمات کا نہ صرف اعتراف کیا بلکہ انہیں خوفزدہ ماحول میں امید کی ایک کرن سے تعبیر کیا۔ وارڈ بوائز نے بھی نسیم احمد، مولانا انوار احمد ندوی، ابراہیم انقلابی، راحیل حنیف، سعد عامر ،محمد طلحہٰ اور مولانا مذکر ندوی کی کوششوں کو سراہا اور مستقبل میں ان کے ساتھ مل کر کسی بھی ناگہانی صورتحال میں انسانیت کی خدمت کرنے کا یقین دلایا۔ ساتھ ہی نسیم احمد و مولانا انوار ندوی کی جانب سے ان وارڈ بوائز کا کچھ مہینوں کا محنتانہ جو سرکاری کاغذی کارروائی کیوجہ سے موخر ہوا تھا اس کی ادائیگی بھی کردی گئی۔ اس پروگرام کے ناظم و محرک امتیاز خلیل نے میزبان اداروں کی طرف سے وارڈ بوائز اور ذمہ داران کو بتایا کہ ان کی بے لوث خدمات کے عوض ایک بڑے جلسے میں سرکاری اعزاز کے ساتھ اعترافِ خدمات کا پروگرام منعقد ہونا چاہیے تھا لیکن سچے خادم اکثر کام ہوجانے کے بعد فراموش کردیے جاتے ہیں۔ صدی کی اس خوفناک ترین وباء کے دوران شہر کی بہت سی تنظیموں اور افراد نے خاموش خدمات انجام دی ہیں. انہیں بھی یاد کیا گیا۔ اس مجلس میں مہمانان کرام، وارڈ بوائز کے علاوہ نصر فاونڈیشن کے اراکین، مالیگاؤں سوسائٹی سے وابستہ افراد اور ایم آر گروپ کے ممبران موجود تھے۔ ڈاکٹر سید ذاکر کے شکریے اور حاضرین کے اس عزم کے ساتھ تہنیتی محفل اختتام کو پہنچی کہ جب بھی انسانیت کو ان کی ضرورت ہوگی  وہ اسی طرح اپنی خدمات پیش کرتے رہیں گے۔
Axact

TRV

The Name you Know the News you Need

Post A Comment:

0 comments: