محلے میں گشت کے دوران نشہ مکت جعفر نگر کا نعرہ دیا، نشہ اور غنڈہ گردی کرنے والوں کو سخت انتباہ، مشترکہ میٹنگ میں نوجوانوں سے نشہ کے خلاف متحد ہونے کی گزارش
مالیگاؤں: شہر کے مختلف علاقوں میں نشہ کرنے والوں کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ادارۂ نورانیہ اور فین گروپ نے جعفر نگر کو نشہ مکت بنانے کیلئے مشترکہ طور پر ایک مہم کا آغاز کیا ہے۔اداۂ نورانیہ اور فین گروپ کے ممبران کا کہنا ہے کہ جعفر نگر کے اسلاف کی روایت رہی ہے کہ کبھی بھی اس علاقے میں کسی قسم کی سماجی برائی ، بے حیائی اور غنڈہ گردی کو برداشت نہیں کیا گیا ہے یہی وجہ ہے کہ آج تک جعفر نگر پر کسی بھی قسم کا کوئی داغ نہیں ہے۔لیکن آج کل یہ دیکھا جارہا ہے کہ محلہ جعفر نگر نشہ کرنے اور نشہ کی حالت میں غنڈہ گردی کرنے والوں کی آماجگاہ بنتی جارہی ہے۔اس میں محلہ کے کچھ لوگ بھی ملوث ہیں۔ایسے میں ان تمام برائیوں کے سدباب کیلئے محلہ کے نوجوانوں نے دیگر سماجی تنظیموں کے اشتراک سے نشہ مکت مہم کا آغاز کیا ہے۔جعفر نگر کے فین گروپ نے کے اراکین نے معاملہ کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے ادارۂ نورانیہ کے صدر واراکین سے ملاقات کر اس معاملے پر سنجیدگی سے غور وفکر کیا اور مل کر اس برائی کو ختم کرنے کا عزم کیا ہے۔ادارۂ نورانیہ اسپورٹس جعفر نگر، ادارۂ سنگھانیہ اسپورٹس، ادارۂ فرینڈشپ ہوڈ گروپ، لکی اسٹار گروپ اور فین گروپ کے 200 سے زائد اراکین نے بروزجمعہ 25 دسمبر کو محلہ میں پیدل چل کر نشہ کرنے اور دیگر محلوں سے جعفر نگر آکر غنڈہ گردی کرنے والوں کو انتباہ دیا کہ اہلیان محلہ اس قسم کی حرکتوں کو برداشت نہیں کریں گے اور اگر آئندہ اس قسم کی کوئی حرکت کی گئی تو اس کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔پورے محلے میں نشہ مکت جعفر نگر کا نعرہ دیا گیا۔بعدازاں جعفر نگر عرفات ہوٹل پر ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں ادارۂ نورانیہ کے صدر محمد عمیر نے دیگر علاقوں سے یہاں آکر نشہ کرنے اور غنڈہ گردی کرنے والوں کو انتباہ دیا کہ وہ اپنے انجام کے ذمہ دار خود ہوں گے۔صدر محمد عمیر نے اہلیان محلہ اور نوجوانوں سے گزارش کی کہ برائی اور نشہ کے خلاف اب ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوجائیں اور مسلم قوم اور نئی نسل کو نشے کی لت سے بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
Post A Comment:
0 comments: