شہیدوں کی یاد گار پر شہیدوں کے نام کندہ کئے جانے اور سات شہیدوں کے نام پر سات گیٹ کی تعمیر کا مطالبہ
مالیگاؤں(پریس ریلیز ) آج 6 جولائی بروز بدھ 2022 شہر مالیگاؤں کے شہیدوں کی شہادت کو سو سال مکمل ہوچکے۔ یاد رہے کہ 6 جولائی 1922 کو شہر کے عبدالغفور چندی پہلوان، عبداللہ خلیفہ، بدھو فریدن، سید سلیمان شاہ، محمد حسین، محمد اسرائیل اللہ رکھا اور منشی محمد شعبان کو انگریزوں کے خلاف تحریک چلانے اور شہر مالیگاؤں و دیش کو آزادی دلانے کی پاداش میں پھانسی کی سزا دی گئی تھی۔ ان شہیدوں کو شہر کا غیور طبقہ آج بھی یاد کرتا ہے۔ لیکن شہر میں موجود یادگار پر نام لکھوانے میں تمام لیڈران آج تک ناکام ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:.... وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے کابینہ سے استعفیٰ دیا
6 جولائی 2022 کو سات شہیدوں کو سو سال مکمل ہونے پر مالیگاؤں ڈیولپمنٹ فرنٹ کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر عمران راشد نے کہا کہ ہر مرتبہ سات شہیدوں اور یادگار پر صرف سیاست کی جاتی ہے۔ لیکن ابھی تک کوئی لیڈر نام نہیں لکھا سکا۔ انہوں نے کہا کہ نام کب لکھے جائیں گے پتہ نہیں لیکن کم سے کم شہر میں ان سات ناموں سے سات گیٹ تعمیر ہونے چاہیئے۔ چوک چوراہوں کے نام رکھے جانے چاہئے تاکہ آنے والی نسلوں کو ان کی قربانیاں یاد رہے۔
اسی طرح احتشام شیخ بیکری والا نے کہا کہ سات شہیدوں کے نام پر شہر میں تعلیمی ادارے قائم ہونے چاہئے اور ان شہداء کے وارثین کو سرکاری اعزاز سے نوازا جانا چاہیے۔ نیز نسل نو کو ان شہداء کی قربانیوں سے متعارف کرانا چاہیئے ۔
کانگریس پارٹی کے ترجمان زین الدین پٹھان نے پارٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سو سال بیت چکے۔ پرانی شہیدوں کی یادگار توڑ کر نئی بنادی گئی لیکن آج تک کوئی بھی لیڈر اس عمارت پر شہداء کا نام نہیں لکھا سکا۔
معروف سوشل ورکر انصاری قطب الدین ببو ماسٹر نے کہا کہ شہر مالیگاؤں کے مسلم شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا کیونکہ انہوں نے ملک کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور آج سو سال بعد بھی شہیدوں کی یادگار ان کے ناموں کو ترس رہی ہے ۔
اس موقع پر مالیگاؤں ڈیولپمنٹ فرنٹ کے صدر اراکین و کانگریس پارٹی کے نمائندہ ممبران جن میں پروفیسر ساجد نعیم، صابر ماسٹر موبائل والے، طیب بیگ، آصف بیگ، فیضان انصاری اور محبان شہدائے مالیگاؤں موجود تھے۔
Post A Comment:
0 comments: