ممبئی کے ہونہار طالب علم نے عزم اور حوصلے کی مثال قائم کی، سی بی ایس سی بورڈ امتحان میں شاندار رزلٹ

ممبئی : گزشتہ دنوں سی بی ایس سی بورڈ کے جماعت دہم کے نتائج کا اعلان کیا گیا. جہاں بہت سے طلباء و طالبات نے عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر شاندار کامیابی حاصل کی وہیں ممبئی کے دہیسر علاقے کے ایک طالب علم نے ہمت، حوصلے اور عزم محکم کی مثال قائم کردی. گزشتہ سال جگر کی پیوند کاری (liver transplant) لیور ٹرانسپلانٹ سے گزرنے والے ارجن شرما نامی طالب علم نے سینٹرل بورڈ آف سکینڈری ایجوکیشن (سی بی ایس سی) 2023 جماعت دہم میں 95.2 فیصد نمبرات حاصل کئے.

یہ بھی پڑھیں :....... سابق این سی بی چیف سمیر وانکھیڈے کی رہائش پر سی بی آئی کا چھاپہ

کاندیولی کے ریان انٹرنیشنل اسکول کے طالب علم ارجن کو گزشتہ سال جگر میں پیچیدگی کا سامنا کرنا پڑا جب وہ نویں جماعت میں زیر تعلیم تھا. لیور ٹرانسپلانٹ کے بعد ارجن کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اپنے زیادہ تر لیکچر چھوڑنے پڑے. جس کی وجہ سے اس کی تعلیم کافی متاثر ہوئی. ارجن نے کہا کہ میں نویں جماعت میں تھا تب مجھے جگر میں پیچیدگی کے مسائل پیدا ہوئے، جنوری 2021 میں لیور ٹرانسپلانٹ ہوا جس کے بعد میری پڑھائی بہت زیادہ متاثر ہوئی لیکن میرے اسکول کے اساتذہ اور پرنسپل نے اس پورے عرصے میں میری ہر ممکن مدد کی. وہ ہمیشہ میری مدد کیلئے دستیاب رہتے تھے اور مجھے محنت اور اچھا کام کرنے کی ترغیب دیتے تھے.

اگرچہ ارجن نے آہستہ آہستہ تعلیم کے تیئں اپنی دلچسپی بڑھانے اور اپنے تعلیمی نقصان کا ازالہ کرنے کا راستہ تلاش کرلیا لیکن اصل مسئلہ امتحانات کی تیاری کے دوران پیش آیا.

ارجن نے جذبات سے مغلوب ہوکر کہا کہ میرے اس سفر میں سب سے اہم کردار میری ماں شلپی کا ہے جس نے جس نے ٹرانسپلانٹ کیلئے اپنا جگر مجھے دیا اور میری جان بچائی. میری ماں میرے لئے سب سے بڑی تحریک ہیں اور میں زندگی میں ان کیلئے کچھ اچھا کرنے کی خواہش رکھتا ہوں. ارجن اپنے مستقبل کو لے کر کافی پرامید ہے وہ مستقبل میں سافٹ ویئر انجینئر بننا چاہتا ہے. ارجن اتنا پر عزم ہے کہ وہ اپنی صحت کے مسائل کو رکاوٹ نہیں سمجھتا.

Axact

TRV

The Name you Know the News you Need

Post A Comment:

0 comments: