پنجاب نیشنل بینک گھوٹالہ کے مفرور ملزم کی ہندوستان واپسی کیلئے ایجنسیاں سرگرم
پنجاب نیشنل بینک(پی این بی)13500 کروڑ روپے لون فراڈ کیس میں مطلوب مفرور ملزم ہیروں کے تاجر میہول چوکسی کو بیلجیئم میں گرفتار کرلیا گیا ہے. ممبئی کورٹ کی جانب سے غیر ضمانتی وارنٹ جاری ہونے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) مرکزی تفتیشی ایجنسی (سی بی آئی) کی درخواست پر میہول چوکسی کی گرفتاری عمل میں آئی ہے.
2018 سے فرار چوکسی کو 12اپریل کے روز بیلجیئم کے ایک اسپتال سے حراست میں لیا گیا تھا. ہندوستانی حکام کی جانب سے حوالگی کی کوششوں کے بعد چوکسی کو باقاعدہ طور پر گرفتار کیا گیا. ذرائع کے مطابق ہندوستانی ایجنسیوں کی جانب سے حوالگی کا مطالبہ کئے جانے کے بعد چوکسی نے خرابی صحت کا حوالہ دیتے ہوئے یورپ کا سفر کیا تھا. چوکسی بیلجیئم کے اسپتال میں زیر علاج تھا جہاں سے پولیس نے اسے حراست میں لیا.
ذرائع کے مطابق چوکسی گزشتہ 6 ماہ سے بیلجیئم میں مقیم ہے فی الحال اسے ڈیٹینشن سینٹر میں رکھا گیا ہے. اس کی طبعیت ناساز ہے کہا جاتا ہے کہ وہ بلڈ کینسر کے مرض میں مبتلا ہے. ذرائع نے مزید وضاحت کی کہ چوکسی علاج کیلئے سوئٹزرلینڈ جانے کی منصوبہ بندی کررہا تھا لیکن اس کے قبل ہی بیلجیئم پولیس نے اسے گرفتار کرلیا. واضح رہے کہ ستمبر 2024 میں ای ڈی اور سی بی آئی نے بیلجیئم حکام سے چوکسی کی حوالگی کی درخواست کی تھی جس کے بعد مزکورہ کارروائی کی گئی. چوکسی کے وکیل نے کہا کہ ان کا موکل بلڈ کینسر کے مرض میں مبتلا ہے اور وہ سفر کرنے کے قابل نہیں ہے. وہیں ہندوستانی افسران کا کہنا ہے کہ اگر چوکسی علاج کیلئے اینٹیگا سے بیلجیئم سفر کرسکتا ہے تو وہ ہندوستان بھی واپس آسکتا ہے یہاں بہتر علاج کی سہولیات دستیاب ہیں.
ہندوستانی ایجنسیاں اور حکام چوکسی کو ہندوستان واپس لانے کے کوشش کررہے ہیں حالانکہ یہ مرحلہ کافی طویل ہوسکتا ہے. ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ چوکسی بیلجیئم کورٹ میں ہندوستان کے حوالے کئے جانے کے خلاف اپنے دفاع کی ہر ممکن کوشش کرے گا اور جلد ہی طبی بنیاد پر ضمانت کی درخواست بھی داخل کرے گا. اس کے باوجود ہندوستانی ایجنسیاں چوکسی کی حوالگی سے متعلق کافی پر امید ہیں.
Post A Comment:
0 comments: